غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملے کے بعد دھماکوں کی آوازیں، مواصلاتی رابطہ معطل

بدھ 24 ستمبر 2025 13:05

ایتھنز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) غزہ کے بھوکے پیاسے اور زخمی و بیمار مکینوں کے لئے امداد لے کر جانے والے بحری جہازوں کے گروپ گلوبل صمود فلوٹیلا پر متعدد ڈرونز کے ذریعے کئے گئے حملے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل بحری جہازوں پر سوار امدادی کارکنوں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ڈرون غزہ کی طرف جانے والے امدادی بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان میں دھماکے ہو رہے ہیں۔

ان جہازوں میں سے ایک پر موجود جرمنی سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن یاسمین آکار نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک وڈیو میں بتایا ہے کہ یونان کے قریب ہمارے پانچ جہازوں پر حملہ کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں پر موجود امدادی کارکنوں نے بتایا ہے کہ ان کے آس پاس "15 سے 16 ڈرون دیکھے گئے ہیں اور ہمارے ریڈیو کو جام کر دیا گیا ہے ۔

کارکنوں نے کہا کہ حملے کے بعد ان کا مواصلاتی رابطہ معطل ہو گیا ہے اور متعدد کشتیوں سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں لیکن ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف انسانی امداد لے کر جا رہے ہیں، ہمارے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہیں، ہم سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ اسرائیل ہزاروں لوگوں کو قتل کر رہا ہے اور غزہ کی پوری آبادی کو بھوکا مار رہا ہے۔ اس وقت فلوٹیلا میں شامل بحری جہازوں کی تعداد 51ہے۔ اسرائیل نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ اس بحری بیڑے کو غزہ پہنچنے کی اجازت نہیں دے گا۔ اسرائیل نے قبل ازیں جون اور جولائی میں امدادی اشیاء لے کر بحری راستے سے غزہ پہنچنے کی دو کوششوں کو ناکام بنا دیا تھا۔