اسلامی نظریاتی کونسل نے بینک سے رقم نکالنے یا منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دے دیا

دیت کے قانون میں ترمیم کی شقوں کی مخالفت، دیت کی سونا چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون میں شامل رہنی چاہئے، اجلاس میں اہم فیصلے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 24 ستمبر 2025 17:29

اسلامی نظریاتی کونسل نے بینک سے رقم نکالنے یا منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس ..
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) اسلامی نظریاتی کونسل نے بینک سے رقم نکالنے یا منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 243ویں اجلاس کی صدارت چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی، جس میں کونسل کے معزز اراکین نے شرکت کرتے ہوئے کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس زیادتی کے مترادف ہے، انسانی دودھ کے حوالے سے قانون سازی میں کونسل کو شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اسلامی نظریاتی کونسل نے دیت کے قانون میں ترمیم کی شقوں کی مخالفت کر دی، کونسل کے مطابق دیت کے قانون میں ترمیم کے لیے پیش کردہ بل سے اتفاق نہیں کرتے۔ کونسل کے مطابق دیت کی سونا چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون میں شامل رہنی چاہئے، بل میں چاندی کو حذف اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزا پر مشتمل انسولین دستیاب ہے، اس لیے خنزیر کے اجزا والی انسولین کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ کونسل نے مزید سفارش کی کہ عدالتوں میں شہادت کے لیے رکھے گئے قرآن پاک کے نسخے شہادت کے بعد پاک صاف کیے جائیں اور اس کے لیے مناسب قانون سازی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :