Live Updates

وزیراعظم اورامریکی صدرکے درمیان باضابطہ ملاقات (کل)ہوگی ، آرمی چیف بھی موجود ہونگے

بدھ 24 ستمبر 2025 17:14

وزیراعظم اورامریکی صدرکے درمیان باضابطہ ملاقات (کل)ہوگی ، آرمی چیف ..
نیویارک /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)وزیراعظم شہبازشریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات (کل)جمعرات کو وائٹ ہائوس میں ہوگی ، وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی ہونگے ،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی امور ، انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تعاون سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات (آج) جمعرات کو وائٹ ہائوس میں ہوگی اس سلسلے میں وزیراعظم شہبازشریف نیویارک سے واشنگٹن جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی امور ، افغانستان سمیت خطے کی صورتحال ، انسداد دہشتگردی اور دوطرفہ تجارت کے حوالے سے مختلف امورپر زیر غو ر آئینگے ۔

یاد رہے کہ جولائی2019میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات کے بعد یہ کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کی امریکی صدر سے پہلی ملاقات ہوگی ۔ملاقات کے بعدوزیراعظم شہبازشریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسی روز واپس نیویارک آئیں گے ۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی،امریکی صدر اور وزیرِاعظم کے مابین خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو ہوئی۔

دریں اثناء وزیر اعظم شہبارشریف (کل)جمعہ 26ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرینگے۔اجلاس میں وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ بالخصوص بھارت کے زیرِقبضہ کشمیر اور فلسطین میں طویل قبضوں اور حقِ خودارادیت کی مسلسل محرومی جیسے مسائل کا حل تلاش کرے،وہ غزہ کے سنگین بحران کی جانب بھی عالمی توجہ مبذول کرائیں گے اور فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کا مطالبہ کریں گے۔

اجلاس کے دوران وہ پاکستان کے نقطہ نظر کو علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دیگر عالمی مسائل جیسے ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی پر اجاگر کریں گے۔ وزیرِاعظم یو این جی اے کے موقع پر سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کے اعلیٰ سطح اجلاس اور کلائمیٹ ایکشن کے خصوصی اجلاس سمیت کئی دیگر سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے۔

اس دوران ان کی متعدد عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم اس موقع پر اس عزم کو بھی اجاگر کریں گے کہ پاکستان بطور سلامتی کونسل کے رکن تمام ممالک کے ساتھ مل کر یو این چارٹر پر عملدرآمد، تنازعات کی روک تھام، امن کے فروغ اور عالمی خوشحالی کے لیے کام کرتا رہے گا۔دفترِ خارجہ نے زور دیا کہ وزیرِاعظم کی یہ شمولیت پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے ساتھ مضبوط عزم کی عکاسی کرے گی اور امن و ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو بھی اجاگر کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات