جرمنی کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن پارلیمان ہانا اسٹئن مولر نے تاریخ رقم کردی

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:57

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)جرمنی کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن پارلیمان ہانا اسٹئن مولر نے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے بجٹ اجلاس کے دوران اپنے ننھے بیٹے کو گود میں اٹھائے ہوئے جرمن پارلیمنٹ (بنڈسٹاگ)میں خطاب کیا، یہ پہلا موقع تھا کہ کسی رکن پارلیمان نے ایوان میں بچے کے ساتھ تقریر کی۔بنڈسٹاگ کے سرکاری انسٹاگرام پیج پر بتایا گیا کہ پہلی بار ایک رکن پارلیمان نے اپنے بچے کے ساتھ جرمن بنڈسٹاگ کے پوڈیم پر کھڑے ہو کر تقریر کی۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نومولود بچہ پرسکون اور خاموشی سے ماں کے سینے سے لگے سو رہا تھا۔32سالہ ہانا اسٹئن مولر نے جرمن اخبار سے گفتگو میں کہا یہ سب منصوبہ بندی کے تحت نہیں تھا، میرا بیٹا سو رہا تھا اور اگر میں اسے کسی ساتھی کو دیتی تو وہ جاگ جاتا اسی لیے میں نے اسے ساتھ رکھا۔انہوںنے کہاکہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ دیکھیں کہ بچے ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں، مگر بدقسمتی سے اب بھی یہ توقع کی جاتی ہے کہ والدین بچوں کی دیکھ بھال پورے دن کے لیے کسی اور کے سپرد کردیں گے۔انہوں نے خاص طور پر سنگل والدین کی مشکلات کا ذکر کیا جن کیلئے یہ اور بھی مشکل ہے۔