لیک ویڈیوز معاملہ، تھائی لینڈ کی حسینہ سے ایک دن میں ہی تاج واپس لے لیا گیا

یہ سب اپنی بیمار والدہ کے لیے کیا جو کہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں، حسینہ کی فیس بک پر معافی کی پوسٹ

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:05

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)تھائی لینڈ کی صوبائی بیوٹی کوئین سوفانی نوئنونتھونگ المعروف بیبی کو تاج ملنے کے صرف ایک روز بعد ہی ان سے یہ اعزاز واپس لے لیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جیوری کی جانب سے لیا گیا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سوفانی کی چند متنازع ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔سوفانی نوئنونتھونگ کو 20ستمبر کو صوبائی مقابلے کی فاتح قرار دیا گیا تھا، اس اعزاز کے بعد انہیں قومی سطح پر مس گرانڈ تھائی لینڈ 2026 میں اپنے صوبے کی نمائندگی کرنی تھی۔

21ستمبر کو پیجینٹ کمیٹی نے اعلان کیا کہ اِن کی ویڈیوز مقابلے کی اقدار اور ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں جس کے نتیجے میں سوفانی سے اعزاز واپس لیا جا رہا ہے۔کمیٹی کے بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صوبائی بیوٹی کوئین کو ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جو مقابلے کی روح اور اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتیں، لہٰذا ان کا عہدہ ختم کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب 27سالہ حسینہ نے فیس بک پوسٹ میں معافی مانگتے ہوئے وضاحت میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران مالی مشکلات نے اِنہیں مجبور کیا تھا، انہوں نے یہ سب اپنی بیمار والدہ کے لیے کیا جو کہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں، یہ واقعہ اِن لیے ایک قیمتی سبق ہے، اب وہ اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہیں اور کوشش کریں گی کہ آئندہ ایسا کچھ نہ ہو۔

تھائی لینڈ کی صوبائی بیوٹی کوئین نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ اِن کی ویڈیوز کو غیر قانونی جوا کھیلنے والی ایک ویب سائٹس نے اجازت کے بغیر استعمال کیا، وہ اس معاملے پر پولیس میں رپورٹ درج کروانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔