بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ایجوکیشن اور لینگویج و لٹریچر کے نئے طلبہ کے لئے تعارفی سیشن کا انعقاد

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں فیکلٹی آف ایجوکیشن اور فیکلٹی آف لینگویج و لٹریچر کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لئے خصوصی تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیشن فیکلٹی بلاک II کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جو "اورینٹیشن ویک" کی اختتامی تقریب تھا۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز (میل) ڈاکٹر غفران احمد نے نئے طلبہ کو خوش آمدید کہا اور انہیں جامعہ میں تعلیمی اور انتظامی امور سے آگاہ کیا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس نئے تعلیمی سفر کو اپنے مستقبل کے سنہرے مواقع کے طور پر دیکھیں اور اس مرحلے کو اپنی تعلیمی، شخصی اور پیشہ وارانہ ترقی کا ذریعہ بنائیں۔ڈاکٹر غفران احمد نے تعلیم، زبان اور ادب کے شعبوں میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی آئی یو آئی کے فارغ التحصیل طلبہ دنیا بھر میں اپنی قابلیت کے لئے جانے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیا اور یونیورسٹی کی جدید انڈور اور آؤٹ ڈور سپورٹس سہولیات کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کو مثبت سوچ اپنانے، ٹیم ورک کرنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی، نیز یونیورسٹی کی فراہم کردہ سہولیات اور معاون نظام سے بھرپور استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔

اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر سے راشد محمود اور فیکلٹی آف ایجوکیشن سے ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیمی کامیابی کے اصول بتائے اور شعبہ جاتی مواقع کے بارے میں آگاہی دی، نیز اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی ترغیب دی۔ تقریب کا اختتام فیکلٹی آف ایجوکیشن کے انچارج ڈاکٹر محمد اطہر کے شکریہ کے کلمات سے ہوا جنہوں نے طلبہ کو معیاری تعلیم، ماہر اساتذہ اور جامع معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی حکام کا گروپ فوٹو لیا گیا جس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔