خواتین یونیورسٹی و سرکل وومن ایسوسی ایشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کی طالبات کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور بااختیار بنانے کےلئے خواتین یونیورسٹی حکام اور سرکل ویمن ایسوسی ایشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ اور سرکل ایسوسی ایشن کے سینئر پراجیکٹ کوآرڈینٹر محسن زیدی نے دستاویزات پر دستخظ کئے ۔

و ائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ اس ایم او یوکا مقصد ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر کی ترقی پر مضبوط توجہ کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو آگے بڑھانا ہے ۔یہ اسٹریٹجک شراکت داری خواتین کے لیے انفارمیشن ٹکنالوجی میں نئی ​​راہیں کھولے گی تاکہ انھیں ڈیجیٹل دور میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں دونوں فریق وسیع پیمانے پر اقدامات پر تعاون کریں گے، جن میں خصوصی ورکشاپس، تربیتی پروگرام اور کمیونٹی آؤٹ ریچ پروجیکٹس شامل ہیں، یہ سب آئی ٹی کی مہارت، ڈیجیٹل خواندگی اور خواتین میں کاروباری صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے یہ شراکت علم، ٹیکنالوجی اور مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ساتھ مل کر ایسے راستے بنا رہے ہیں جو خواتین کو ڈیجیٹل دنیا میں رہنما کے طور پر ابھرنے کا موقع دیں گے۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف سی ایس اینڈ آئی ٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر خدیجہ کنول، ڈاکٹر اسماء اکبر، مقبول انجم (ایریا کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب) اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھیں۔