وائس چانسلرجی سی ویمن یونیورسٹی کی زیر صدارت کمیونٹی چیمپینز کمیٹی کا پہلا اجلاس

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت کمیونٹی چیمپینز کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی کا قیام وائس چانسلر کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ صنعت اور تعلیمی شعبے میں دیر پا اور موثر روابط قائم کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔

وائس چانسلر نے ممبران کو یونیورسٹی کے اہم اقدامات بارے آگاہ کرتے ہوئے ''پروفیسرز آف پریکٹس'' کی منظوری اور شخصیت سازی پر لازمی کورس نصاب میں شامل کیے جانے جیسے اہم اقدامات کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ کا فوکس افرادی قوت کی عملی تربیت اور روزگار کے لیے تیاری پر مرکوز ہے۔فورم نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صنعتی شعبے کو چاہیے کہ وہ مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی تحقیق اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لیے تعلیمی شعبے کی رہنمائی کرے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے شرکا کو دعوت دی کہ وہ جامعہ کی ہائی ٹیک لیب، ڈائگنوسٹک لیب، بزنس انکیوبیشن سینٹر،فیشن اور ٹیکسٹائل ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ میں سہولیات کی بہتری میں تعاون کریں۔کمیٹی میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس، ویمن چیمبر، ایف پی سی سی آئی، پی ایچ ایم اے، یونیورسٹی آف ایگریکلچر اور ماحولیاتی و دیگر ممتاز اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین، صنعت کار اور کاروباری شخصیات بطور نمائندہ شامل ہوئے۔

اجلاس میں افرادی قوت کی ترقی،تحقیقی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعت و جامعہ کے اشتراک کی ضرورت پر زور دیا گیا اور عملی اقدامات بارے فیصلہ سازی کی گئی۔شرکانے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ طلبہ میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں،اعتماد اور موثر ابلاغ کی کمی ہے جس کے باعث صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان ایک خلا موجود ہے۔شرکانے وائس چانسلر کے عملی اقدامات کی بھرپور تائید کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ پلیٹ فارم تعلیم اور صنعت کے مابین دیرپا شراکت داری، تعلیمی اصلاحات اور طالبات کے بہتر مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔