ہواوے گروپ کا پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ

ہواوے اپنی مصنوعات کی ایسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی لگائے، سُست انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے 5 جی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہوگا، وزیر صنعت چوہدری شافع سے وائس چیئرمین ہواوے گروپ کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 ستمبر 2025 19:34

ہواوے گروپ  کا پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 ستمبر 2025 ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے ہواوے گروپ کے وائس چیئرمین مسٹر رے نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر کے آفس میں ہونے والی ملاقات میں ہواوے گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہواوے گروپ نے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی،سمارٹ سٹیز،ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر اور ایجوکیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

اب یہ گروپ پنجاب میں اپنی مصنوعات کی ایسمبلنگ اور مینو فیکچرنگ کے کارخانے بھی لگائے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہواوے گروپ پنجاب کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائے، ہرممکن سہولت دیں گے۔

(جاری ہے)

ہواوے گروپ ڈیجیٹل پنجاب کے ویڑن کی تکمیل میں اشتراک کرسکتا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے دورہ چین کے دوران شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کا دورہ کیا تھاجہاں زراعت کے فروغ کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کیا۔

ہواوے سیڈ ڈویلپمنٹ اور جدید زراعت کے فروغ کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی تعاون کا جائزہ لے۔ ٹیلی کمیونیکیشن، الیکٹرانک اور ڈیجیٹائزیشن کے امور میں ہواوے گروپ کی مہارتوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کا فروغ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ پنجاب میں ای۔ ٹیکسی سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔

ہواوے گروپ ای کامرس اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر بھی موجود ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سست روی سے لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے اس لئے 5 جی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہوگا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ہواوے گروپ کے وائس چیئرمین مسٹر رے نے کہا کہ ہواوے گروپ پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائے گا۔