تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام میٹرک سیکنڈ اینول امتحان 2025 کا آغاز 29 ستمبر سے ہو گا

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام میٹرک سیکنڈ اینول امتحان 2025 کا آغاز 29 ستمبر سے ہو گا جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امیدواروں کو رول نمبر سلپس بھجوا دی گئی ہیں۔ ریگولر طلبہ کی رول نمبر سلپس ان کے اداروں کے پورٹل پر جبکہ پرائیویٹ طلبہ کی سلپس ان کے داخلہ فارم پر درج پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں۔

مزید سہولت کے لیے رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہیں جنہیں امیدوار ب فارم یا آن لائن داخلہ فارم نمبر درج کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے مطابق امتحانات کے لیے 44 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 18 بوائز، 12 گرلز اور 14 مشترکہ مراکز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمام مراکز کی سخت نگرانی کی جائے گی جبکہ حساس امتحانی مراکز میں کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ بھی ہو گی۔ ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں اور مرکزی کنٹرول روم بورڈ کمپلیکس کنڈکٹ برانچ میں قائم ہے۔ امتحانی عمل کی شفاف نگرانی کے لیے سپیشل سکواڈ، چیئرمین سکواڈ اور موبائل انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ 44 سپرنٹنڈنٹ اور 58 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت امتحانی عمل کو فول پروف بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹاسک صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی سرپرستی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے ہدایت کی کہ تمام امتحانی عملہ بروقت اپنی ڈیوٹی پر رپورٹ کرے، کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔