زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈیپارٹمنٹ آف رورل سوشیالوجی میں ''بچوں کے آن لائن تحفظ'' کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام اور یونیسیف کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈیپارٹمنٹ آف رورل سوشیالوجی میں ''بچوں کے آن لائن تحفظ'' کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مسز خالدہ رفیق، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر/یونیسیف ازلان بٹ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر بابر شہباز، چیئرپرسن شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر صدف محمود اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد طیب بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔

مقررین نے بچوں کو آن لائن محفوظ ماحول فراہم کرنے اور کمیونٹی سطح پر آگاہی سیمینارز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آن لائن دنیا میں بچوں کو سائبر بلِنگ اور ہراسمنٹ جیسے مسائل کا سامنا ہے جن کے تدارک کے لئے مربوط اقدامات ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مسز خالدہ رفیق نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کا آن لائن تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی کو مل کر آگاہی فراہم کرنا ہوگی تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ ماحول دے سکیں۔

چائلڈ پروٹیکشن آفیسر/یونیسیف ازلان بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب،یونیسف، محکمہ سوشل ویلفیئر، تدریسی اداروں اور این جی اوز کے تعاون سے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لئے آگاہی مہم شروع کر چکا ہے جس کا مقصد بچوں کو ہر طرح کے آن لائن خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔سیمینار کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو آن لائن دنیا میں محفوظ رکھنے کے لئے تعلیمی ادارے اور کمیونٹی مل جل کر مثبت کردار ادا کریں گے۔