یورپی ایئرلائن لفتھانزا کا کارکردگی میں بہتری کیلئے ہزاروں ملازمتوں میں کٹوتی کا اعلان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 09:00

فرینکفرٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) یورپ کی سب سے بڑی ایئرلائن لفتھانزا پیر کو اپنے چھ سال بعد ہونے والے پہلے کیپیٹل مارکیٹس ڈے پر ہزاروں ملازمتوں میں کٹوتی کا اعلان کرے گی۔ رائٹرز نے لفتھانزا حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ اقدام کمپنی کی سرمایہ کاروں کو یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کا حصہ ہے کہ وہ کارکردگی بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

رائٹرز کی اس خبر کے بعد لفتھانزا کے حصص میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا جو تین ہفتوں سے زائد کی بلند ترین سطح ہے۔ تجزیہ کار اور سرمایہ کار گزشتہ دو برس سے لفتھانزا پر تنقید کر رہے ہیں کہ کمپنی اپنی لاگت کم کرنے اور بنیادی کاروبار کو بڑھانے میں ناکام رہی ہے۔ کمپنی نے 2025 تک 8 فیصد آپریٹنگ منافع کے ہدف کو مؤخر کر دیا اور اسے 2024 میں دو بار منافع کی وارننگ جاری کرنا پڑی تاہم اس نے بعدازاں سرمایہ کاروں سے ایک بڑے ٹرن اراؤنڈ پروگرام کے نفاذ کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کچھ ملازمین کو پہلے ہی کٹوتیوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔لفتھانزا کے چیف ایگزیکٹو کارسٹن سپوہر نے ٹاؤن ہال تقریب میں کہاکہ یہ سب کچھ انتظامیہ میں بھی مزید کمی کرنے کی ضرورت پیدا کرے گا کیونکہ ہم موجودہ لاگت پر یہ کام جاری نہیں رکھ سکتے، ہمارے پاس وہ مارجن نہیں ہے جس سے ہم سرمایہ کاری کر سکیں اور ہماری انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر آگے بڑھنے کا کوئی موقع نہیں۔

ذرائع کے مطابق کمپنی آئندہ برسوں میں اپنی انتظامی افرادی قوت میں 20 فیصد کمی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم حتمی تعداد پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔کمپنی نے کہا ہے کہ اس کا ٹرن اراؤنڈ پروگرام جاری ہے لیکن محنت کشوں کے مسائل اب بھی برقرار ہیں۔ پنشن پر جاری تنازع پیر کو میونخ میں ہونے والے کیپیٹل مارکیٹس ڈے کو متاثر کرے گا جب کہ پائلٹوں کی ہڑتال کا بھی امکان ہے۔لفتھانزا نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ کٹوتیاں صرف مرکزی ایئرلائن ہی نہیں بلکہ پورے گروپ پر لاگو ہوں گی۔بیرن سٹین نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ2019 کے مقابلے میں اب کمپنی کے پاس کم طیارے اور کم پروازیں ہیں لیکن پھر بھی 7 فیصد زیادہ ملازمین کام پر ہیں۔