سعودی عرب، گورنر عسیر کی عطیہ خون مہم شروع

ہفتہ 27 ستمبر 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز نے عطیہ خون مہم عسیرتقتدی کا آغاز کردیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق مہم کا مقصد زندگیوں کو بچانا اور مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔عسیر تقتدی کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم براہ راست گورنریٹ کی زیرنگرانی ہوگی جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اقدام کی پیروی کرتے ہوئے کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر عسیر نے اس بات پرزور دیا کہ عطیہ خون مہم لوگوں میں یکجہتی، ہمدردی اور جذبہ ایثار و اخوات کو مستحکم کرنے میں اہم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک قومی فریضہ ہے جس کے ذریعے زندگیاں بچانے اور صحت کے شعبے سے تعاون میں اپنا حصہ شامل کیا جاسکتا ہے۔مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں رضاکارانہ عطیہ خون کا تناسب 100 فیصد تک لے جانا ہے اس حوالے سے مختلف علاقوں میں عطیہ خون مہم شروع کی گئی ہے تاکہ معاشرے کو اس کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا جائے۔