سعودی عرب میں پہلی ثقافتی سرمایہ کاری کانفرنس 2025 کا آغاز کل سے ہوگا

اتوار 28 ستمبر 2025 08:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی ثقافتی سرمایہ کاری کانفرنس 2025 کا آغاز پیر 29 اور 30 ستمبر کو ریاض میں ہورہا ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزارت ثقافت کے زیراہتمام کانفرنس کا انعقاد دارالحکومت کے کنگ فہد کلچرل سینٹر میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بند بن عبدادللہ بن فرحان، بین الاقوامی سرمایہ کار، فیصلہ ساز، ثقافتی رہنما، سرکاری و نجی اداروں اور غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ کاروباری افراد اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں 38 سے زیادہ سیشنز اور ورکشاپس ہوں گے جس میں مختلف ممالک سے 150 سے زیادہ سپیکرز شرکت کریں گے جبکہ شرکا کی تعداد ڈیڑھ ہزار ہے۔کانفرنس کے سیشنز میں سعودی اور بین الاقوامی حکام اور ماہرین شرکت کریں گے جن میں نائب وزیر ثقافت حامد بن محمد فایز، معاون وزیر ثقافت راکان بن ابراہیم الطوق، معروف بین الاقوامی ثقافتی اور تخلیقی شخصیات سودبیز کے سی ای او چارلز سٹیوارٹ، کرسٹیز کے چیئرمین گیّوم سیروتی اور آرٹ بازل کے سی ای او نوا ہوروویٹز شامل ہیں۔