قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر آگاہی سیمینار

پیر 29 ستمبر 2025 23:22

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا کامیاب انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد فیکلٹی ممبران اور طلباء میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے جدید رجحانات اور مواقع کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت جیسے مضامین کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) ٹیکسلا کے شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ کے تعاون سے کیا گیا۔سیمینار میں ماہرین نے شرکاء کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عالمی رجحانات، جدید اختراعی طریقوں سمیت مختلف جدید پروگراموں کے ذریعے مواقع حاصل کرنے کے حوالے سے قیمتی معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

سیمینار میں پروجیکٹس کے نتائج اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے عملی اطلاق پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی جو طلباء اور فیکلٹی کے لیے نہایت مفید ثابت ہوئی۔

اس موقع پر مقررین نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نہ صرف تعلیمی شعبے بلکہ صنعتوں اور معاشرے کے لیے بھی انقلابی تبدیلیوں کا باعث بن رہا ہے۔ سیمینار کے شرکاء نے سیمینار کومستقبل کے مواقع سے ہم آہنگ کرنے والا ایونٹ قرار دیا۔ڈائریکٹر سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیزڈاکٹر ثابت رحیم و دیگر زمہ داران نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز طلباء کو جدید ٹیکنالوجیز سے ہم آہنگ کرنے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی مستقبل میں بھی اس طرح کے تعلیمی و تربیتی پروگرامز کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :