ہری پور یونیورسٹی اور چین کی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون،کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان

منگل 30 ستمبر 2025 23:35

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ہری پور یونیورسٹی اور چین کی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون،کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ ہری پور یونیورسٹی نے چین کی معروف جامعات کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی تعاون کو نئی جہت دیتے ہوئے عالمی معیار کے اشتراک کا آغاز کر دیا ہے،اس سلسلے میں ہری پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شیہزی یونیورسٹی اور اس سے منسلک مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں،دورے کے دوران شیہزی یونیورسٹی،سکول آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ،سکول آف لائف سائنسز،کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ سائنسز،کالج آف ایگریکلچرل سائنسز اور کالج آف سائنس کے اعلیٰ حکام سے تعلیمی اشتراک پر گفتگو ہوئی،ملاقاتوں میں طلبہ و فیکلٹی کے تبادلہ پروگرامز،سکالرشپس کے لئے خصوصی کوٹہ،جدید تحقیقی لیبارٹریوں کا قیام اور سمر کیمپس جیسے باہمی منصوبوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ شیہزی یونیورسٹی نے ہری پور یونیورسٹی میں ’’کنفیوشس انسٹیٹیوٹ‘‘کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے جو نہ صرف چینی زبان و ثقافت کے فروغ میں معاون ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان ثقافتی و تحقیقی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کا کہنا ہے کہ یہ شراکتیں یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کو عالمی معیار کی تعلیم،تحقیق اور بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی،ہم نہ صرف جدید سائنسی علوم بلکہ بین الثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی چین کی دیگر جامعات کے ساتھ باضابطہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ ان روابط کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کیا جا سکے اور طویل مدتی تعلیمی و تحقیقی تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔