روس رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کرے گا

بدھ 1 اکتوبر 2025 08:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ماہِ اکتوبر کے لیے روٹیشنل صدارت روس کے حوالے کر دی گئی ہے۔ تاس کے مطابق روسی مستقل مندوب واسلی نیبینزیا آج اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کونسل کے ماہانہ ایجنڈے کا اعلان کریں گے۔قابلِ ذکر ہے کہ رواں ماہ 24 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے قیام کو 80 سال مکمل ہو جائیں گے۔

یہ دن 1945 میں اُس وقت منایا گیا جب سوویت یونین کی جانب سے چارٹر کی توثیق کے بعد اقوام متحدہ باضابطہ طور پر قائم ہوئی۔سلامتی کونسل ہر ماہ تقریباً 20 اجلاس منعقد کرتی ہے۔ ستمبر میں کونسل نے اپنی 10,000ویں باضابطہ نشست منعقد کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کیا، جب کہ اب تک مجموعی طور پر منظور شدہ قراردادوں کی تعداد 2800 کے قریب پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

ستمبر کے مہینے میں ایران پر عائد پابندیاں سلامتی کونسل کا مرکزی موضوع رہیں، اور یہ بحث اکتوبر میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

ستمبر کے اختتام پر روس اور چین کی جانب سے قرارداد 2231 میں چھ ماہ کی توسیع کی تجویز پیش کی گئی تھی، تاہم یہ مسودہ منظور نہ ہو سکا۔واضح رہے کہ ایران کے خلاف پابندیاں 28 ستمبر سے دوبارہ نافذ کی گئی تھیں، جنہیں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اسنیپ بیک میکانزم کے تحت فعال کیا گیا تھا۔ تاہم روس نے ان پابندیوں کو غیر قانونی اور "خلافِ ضابطہ" قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ قرارداد 2231 کی مدت 18 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ روسی نائب مندوب دمیتری پولیانسکی کے مطابق اس تاریخ کے بعد اس قرارداد کے تحت عائد تمام ضوابط اور پابندیاں غیر مؤثر ہو جائیں گی۔