سعودی ولی عہد کو مملکت میں تعینات نئے سفیروں نے اسناد سفارت پیش کیں

بدھ 1 اکتوبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبداالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں تعینات برادر اور دوست ملکوں کے نئے سفیروں سے اسناد سفارت وصول کی ہیں۔ایس پی اے کے مطابق ریاض کے قصر یمامہ میں ہونے والی تقریب میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد نے مملکت میں نئے سفیروں کا خیرمقدم کیا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا تہنیتی پیغام پہنچایا، ان کے اپنے ملکوں اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے مشن میں کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ نئے سفیروں نے بھی سعودی قیادت کےلیے اپنے رہنماوں کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا، پرجوش خیرمقدم اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔