محکمہ زراعت پسرورکی دھان کے کاشتکاروں کے لیے ہدایات جاری

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:14

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت پسرور نے دھان کے کاشتکاروں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع پسرور ڈاکٹر شعیب رسول نے کہا کہ اس موسم میں دھان کی فصل پکنے کے قریب ہوتی ہے اور معمولی غفلت پر فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھان کی فصل کی بروقت نگرانی کریں اور کھیتوں سے زائد پانی نکال کر زمین کو خشک رکھیں تاکہ کٹائی کے وقت مسائل پیدا نہ ہوں۔

(جاری ہے)

فصل کی تیاری کے دوران کھیتوں میں پرندوں اور کیڑوں کا حملہ زیادہ ہوتا ہے اس لیے فوری طور پر زرعی ماہرین سے مشورہ کر کے مناسب سپرے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کٹائی کے لیے ایسے آلات استعمال کریں جن سے دانہ ضائع نہ ہو اور کٹائی کے بعد دھان کو کھلی اور خشک جگہ پر پھیلایا جائے تاکہ نمی ختم ہو سکے۔ نمی کی موجودگی میں دھان ذخیرہ کرنے سے دانہ خراب ہونے اور بیماری لگنے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار فصل کی برداشت کے بعد زمین کو بروقت تیار کریں تاکہ گندم سمیت اگلی فصلوں کی کاشت کے لیے کوئی رکاوٹ نہ آئے۔