لاہور کا مطلع جزوی ابر آلود، درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) لاہور کا مطلع آج جزوی ابر آلود ہے اور بادلوں نے سورج کی روشنی دھندلا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔

(جاری ہے)

شہر کی فضا بدستور آلودہ ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 160 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بری پور اور صوابی سمیت گردونواح میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ بارش اور تیز ہواو ں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔