Live Updates

گوشوار جمع کرانیکی تاریخ میں توسیع کاخیرمقدم

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈسمال انڈسٹریز نے ایف بی آر کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے موجودہ حالات کے تناظر میں احسن اقدام اٹھایا ہے، حالیہ قدرتی آفات اور بارشوں نے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا، متعدد دکانیں اور دفاتر نقصان کا شکار ہوئے اور ایسے حالات میں بروقت گوشوارے تیار کرکے جمع کرانا تقریباً ناممکن تھا،ایف بی آر فیصلے بارے گروپ لیڈر ملک مہرالٰہی، صدر پشاور چیمبر شکیل احمد خان صراف، سینئر نائب صدر حاجی طلاء محمد، نائب صدر زوہیب عارف، ترجمان تنظیم تاجران خیبرپختونخوا شہزاد احمد صدیقی اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ تاجروں کے لئے ریلیف کا باعث ہے، تباہ کن بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بازاروں، تجارتی مراکز اور گوداموں کو شدید نقصان پہنچایا،بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اضلاع میں بھی کاروباری ماحول بری طرح متاثر ہوا، تاجروں کی اکثریت اپنے کاغذات وقت پر مکمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھی، بروقت توسیع نہ ہوتی تو ہزاروں افراد جرمانوں اور اضافی اخراجات کی زد میں آجاتے، جس سے پہلے سے دباؤ کا شکار طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوتا، انہوں نے مزیدکہاکہ تاجر ہمیشہ ریاستی ذمہ داریوں کو نبھانے میں پیش پیش رہے ہیں لیکن موجودہ حالات نے ہر طبقے کو مشکل میں ڈالا، اس موقع پر ادارے کی طرف سے تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ نہ صرف مناسب بلکہ لازمی تھا،ریاست کا یہ رویہ تاجر برادری میں اعتماد بڑھائے گا اور لوگ زیادہ ذمے داری سے قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے، چھوٹے کاروباری طبقے کے پاس وسائل محدود ہیں، ایسے میں اضافی وقت ملنے سے وہ بہتر انداز میں گوشوارے تیار کر پائیں گے اور زیادہ درست معلومات فراہم کریں گے، اگر ریاست مشکل وقت میں رعایت نہ دیتی تو اعتماد کی فضا قائم نہ رہتی،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی فیصلے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے تاکہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا مضبوط ہو اور ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات