ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل سٹی کا دورہ، انسداد ڈینگی مہم کا فیلڈ میں جائزہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈینگی کو قابو کرنے کیلئے انسداد ڈینگی مہم میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے علی الصبح تحصیل سٹی کا دورہ کیا اور سبزہ زار ایل بلاک میں ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، سی ای او ہیلتھ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سی ای او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران بتایا گیا کہ لاروا کی نشاندہی پر فوری تلفی کی جا رہی ہے اور اردگرد کے 10 گھروں میں اسپرے یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے تحت لاروا ملنے پر گھروں پر اسٹیکرز بھی آویزاں کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں سرویلنس مزید مؤثر بنائیں اور شہریوں میں آگاہی مہم کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی روزانہ بنیاد پر نگرانی کی جائے گی، شہریوں کی صحت کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے اور انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، ڈینگی لاروا کو چھپانے کے بجائے رپورٹ کریں، اور شکایات کیلئے ہیلپ لائن 03070002345 یا ڈپٹی کمشنر لاہور کے سوشل میڈیا پیجز پر رابطہ کریں۔