جمانا الراشد ٹائم میگزین کی ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ میں شامل ہونے والی پہلی سعودی خاتون بن گئیں

جمعرات 2 اکتوبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کی سی ای او اور ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن جمانا آر الراشد نے ٹائم میگزین کی ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ میں شامل ہو کر پہلی سعودی خاتون کے طور پر تاریخ رقم کی ہے۔عرب نیوز کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ بااثر افراد کی مشہور ٹائم 100 کی فہرست کی توسیع ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ ہے جو ایسے اُبھرتے ہوئے رہنماؤں کو نمایاں کرتی جو کاروبار، تفریح، کھیل، سیاست، صحت اور سائنس کو تشکیل دے رہے ہیں۔

جمانا الراشد کی شمولیت کاروبار اور میڈیا میں ان کی نمایاں قیادت کو ظاہر کرتی ہے اور عالمی سطح پر سعودی خواتین کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ جمانا الراشد کے ساتھ ساتھ فہرست میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ، بین الاقوامی فٹ بال کے کھلاڑی لامین یامل، گیانا کے صدر عرفان علی اور اپنے اپنے شعبوں میں بہت سے بااثر اور ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹائم میگزین نے جمانا الراشد کو ’مشرق وسطیٰ کے بدلتے میڈیا کے منظرنامے کا ایک معمار‘ قرار دیا ہے۔ ایس آر ایم جی کی پہلی خاتون سی ای او کے طور پر 2020 میں ان کی تقرری کے بعد سے، انہوں نے کمپنی کی جامع ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کی ہے، اختراعی میڈیا ورٹیکلز کا آغاز کیا ہے اور تاریخی عالمی شراکت داریوں کو آگے بڑھایا ہے۔یہ کوششیں ایس آر ایم جی کے سٹاک کی تیز رفتار نمو میں جھلکتی ہیں، جو میڈیا انٹرٹینمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی کاروباری ترقی اور انتظامی حکمت عملیوں پر سرمایہ کاروں کے وسیع اعتماد کی نشان دہی کرتی ہیں۔