جی سیون ممالک کا روسی تیل خریدنے والے ممالک پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

جمعرات 2 اکتوبر 2025 08:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) جی سیون ممالک نے اس بات کا سختی سے عندیہ دیا ہے کہ وہ ان ممالک اور اداروں پر دباؤ بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے جو روسی تیل کی خریداری میں اضافہ کر کے ماسکو کو پابندیوں سے بچنے میں مدد دے رہے ہیں۔ تاس کے مطابق یہ بیان جی 7 ممالک کے وزرائے خزانہ کی جانب سے مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم ان ممالک اور اداروں کے خلاف تجارتی اقدامات اور دیگر پابندیاں عائد کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، جو روس کے جنگی اخراجات کو مالی مدد فراہم کر رہے ہیں، بشمول اُن مصنوعات کے جو روسی تیل سے تیار کی گئی ہیں۔جی 7 وزرائے خزانہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ روسی تیل کی برآمدات پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے، اور اُن تمام فریقوں کو نشانہ بنایا جائے جو روسی تیل کی خریداری میں اضافہ کر رہے ہیں یا پابندیوں کو چکمہ دے رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ روسی آمدنی کے ذرائع بند کرنے کے لیے درآمدی و برآمدی پابندیاں، ٹیکس اور دیگر تجارتی اقدامات انتہائی اہم ہیں، اور جی سیون ممالک اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ روس سے باقی ماندہ درآمدات، خصوصاً ہائڈروکاربنز (تیل و گیس) کو بتدریج ختم کیا جائے گا۔