Live Updates

ملازمین ادارے کا اصل سرمایہ ، ان کی لگن اور محنت ہی ترقی کی ضامن ہے،سی ای او گیپکو محمد ایوب

جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:44

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) چیف ایگزیکٹو انجینئرگوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ( گیپکو )محمد ایوب نے سیالکوٹ سرکل آفس کا دورہ کیا اور سپرنٹنڈنگ انجینئر، ڈپٹی کمرشل مینیجر اور ایکسیئنز کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے اجلاس میں آڈٹ پیراز پر پیش رفت، صارفین کے قومی شناختی کارڈ جمع کرنے کے سروے، ٹرانسفارمرز کی کوڈنگ و ٹیگنگ اور اے ایم آئی منصوبے کی رفتار سمیت آئندہ اہداف پر تفصیلی گفتگو کی۔

چیف ایگزیکٹو نے افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کے مسائل کے فوری حل کو اولین ترجیح دی جائے اور ہر سطح پر شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سرکل سیالکوٹ سردار جمشید خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سرکل کی ٹیم موجودہ وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عملہ پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باوجود ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیپکو کے ملازمین ہی ادارے کا اصل سرمایہ ہیں، ان کی لگن اور محنت ہی ادارے کی ترقی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ گیپکو ہمیشہ صارفین کی سہولت اور شفاف سروسز کو اولین ترجیح دیتی ہے اور مستقبل میں بھی جدید منصوبوں کے ذریعے عوام کو معیاری بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :