اعجاز سنجرانی کا دالبندین میں ہندو برادری کے گھر میں ہونے والی چوری کی واردات پر افسوس کا اظہار

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) سابق مشیر وزیر اعلی بلوچستان میر اعجاز خان سنجرانی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی نے ہندو محلہ دالبندین کا دورہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز ہندو برادری کے گھر میں ہونے والی چوری کی واردات پر افسوس کا اظہار کیا اور ہمدردی کے لیے ہندو محلہ پہنچے۔ انہوں نے ہندو برادری سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ہم ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب، معاشرہ اور قانون اقلیتی برادری کو برابری کا درجہ دیتا ہے۔ہندو محلہ آمد پر کونسلر برج لال اور دیگر پنچائیت اراکین نے ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میر اسفندیار خان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ چوروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ہندو برادری کو انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہندو پنچائیت کو یقین دلایا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، اپنے آپ کو کبھی تنہا نہ سمجھیں، آپ کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔