عوام کو جمہوری حقوق دینا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) کیچ کلچرل فیسٹیول کے دوسرے روز مختلف علمی، سماجی، صحافتی اور ثقافتی موضوعات کے سیشنز ہوئے جن میں ممتاز ماہرین تعلیم، سیاست، صحافت اور ادب نے شرکت کی۔پہلے سیشن میں معروف دانشور اور ماہر تعلیم ڈاکٹر پرویز ہودبائی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار اور صدر پریس کلب کوئٹہ عرفان سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر پرویز ہودبائی نے کہا کہ بچوں کو ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنی زبان پر عبور حاصل کرسکیں، تاہم جدید علوم کے حصول کے لیے انگریزی سیکھنا بھی ناگزیر ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل جمہوری انداز میں ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق تمام اقوام کی زبانوں اور ثقافتوں کو احترام دینے سے ہی ریاست مستحکم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صو بہ میں شرح خواندگی شرح بہت کم ہے، غربت و جہالت ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے تعلیم پر فوکس کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ عوام کو حقیقی جمہوری حقوق دینا آج کے وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔اسی موقع پر تقریب کے دوران شیخہ فاطمہ بنت مبارک کیڈٹ کالج تربت کی طالبہ زارا التاز سخی کی انگریزی شاعری کے مجموعے Echo کی رونمائی بھی ہوئی، جسے شاعرہ نے ملالہ یوسفزئی کے نام وقف کیا۔

ثقافتی پروگرام میں معروف فنکار حفیظ لعل ،شوکت مراد اور دیگر نے تھیٹر پرفارمنس پیش کی جبکہ ڈرامہ نگار صلاح الدین بیوس نے بلوچی روایات اور لوک کہانیوں پر مشتمل مزاحیہ خاکے پیش کئے ،اس موقع پر ضلع کیچ کے آثار قدیمہ کے منظرنامہ پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔تقریب کے دوسرے دن کے کمپیئرنگ کے فرائض قدیر لقمان، مقبول ناصر اور التاز سخی اور دیگر نے انجام د یئے ۔