بلال اظہر کیانی کا متحدہ عرب امارات کے الفایا ریلوے سٹیشن کا دورہ، جدید ترین اتحاد ریل نیٹ ورک کا معائنہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:59

بلال اظہر کیانی کا متحدہ عرب امارات کے الفایا ریلوے سٹیشن کا دورہ، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے کے دوران الفایا ریلوے اسٹیشن کا اہم دورہ کیا اور ملک کے پہلے بین الاقوامی ریل منصوبے، اتحاد ریل نیٹ ورک، کا قریب سے معائنہ کیا۔الفایا ریلوے اسٹیشن پہنچنے پریو اے ای اور اتحاد ریل کے اعلیٰ حکام نے وزیر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔

انہیں اتحاد ریل کی خصوصیات اور وسیع ریل نیٹ ورک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر، بلال اظہر کیانی نے الفایا ڈپو سے دبئی کے علاقے القدرہ تک اتحاد ریل کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی جدید ترین اور تیز رفتار ٹرین میں سفر کیا۔ اس ٹرین کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ مسافروں کو بہترین اور جدید سفری سہولیات فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے الفایا ڈپو میں کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ریل نیٹ ورک آپریشن چلانے والی جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اتحاد ریل یو اے ای کا پہلا بین الاقوامی ریل منصوبہ ہے جس کا عوامی سفر کے لیے باضابطہ آغاز 2026 میں متوقع ہے۔ یہ نیٹ ورک متحدہ عرب امارات کے 11 شہروں کو آپس میں جوڑیگا جس کا مقصد رابطوں کو بہتر بنانا، اقتصادی ترقی اور ماحول کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اتحاد ریل نیٹ ورک کے کام کے معیار، جذبے، اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی بھرپور تحسین کی اور اسے مستقبل کے ریلوے منصوبوں کے لیے ایک مثالی نمونہ قرار دیا۔