مدرسةالقرآن طالبات سیکشن کی جانب سے سیرت حضرت محمد ﷺ کی پر پروقار و شاندار اور پر نور تقریب

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:30

ٍجیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) مدرسةالقرآن طالبات سیکشن کی جانب سے سیرت حضرت محمد ﷺ کی پر پروقار و شاندار اور پر نور تقریب، خواتین و طالبات کی بہت بڑی تعداد میں شرکت تفصیلات کے مطابق مدرسةالقرآن طالبات سیکشن کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی سیرتِ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے موضوع پر ایک شاندار، پر وقار اور پرنور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں موجودہ و سابقہ طالبات کے ساتھ ان کی مائیں، بہنیں اور رشتہ داروں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی، جس کے باعث مدرسہ کا ہال اور ملحقہ کمرے مہمانوں کے لیے ناکافی محسوس ہونے لگے تقریب کا آغاز امارہ میمن کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت دعا ذوالفقار نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ناظمہ جماعت اسلامی سندھ و پرنسپل مدرسةالقرآن طالبات سیکشن شاہدہ اعجاز نے "حجاب" کے موضوع پر کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺمیں عورت کے اعلیٰ مقام کے حصول کے لیے حجاب کی اہمیت پر بارہا زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حجاب عورت کا زیور ہے، اللہ تعالیٰ نے عورت کو حیائ اور عظمت کے ساتھ پیدا کیا ہے، اور اٴْس کا اصل مقام شرم و حیا میں پوشیدہ ہے۔ حجاب اور پردہ ہی وہ ذریعہ ہے جو عورت کی عزت و وقار کو محفوظ کرتا ہے۔شاھدہ اعجاز نے مزید کہا کہ اسلام ہی نے عورت کو وہ عظیم مقام عطا کیا ہے جو دنیا کا کوئی اور نظام نہیں دے سکا۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت (سورةالاحزاب:59) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پردہ عورت کی پہچان اور اس کی عزت کی ڈھال ہے۔

آج کے دور میں جب فحاشی اور بے حیائی عام ہو رہی ہے، پردہ نہ صرف مذہبی حکم ہے بلکہ عورت کی شخصیت اور خاندان کے وقار کی حفاظت کی ضمانت بھی ہے اس موقع پر مدرسةالقرآن کی معلمہ عالمہ حلیمہ حنیف نے سیرتِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺدنیا کے کامل ترین انسان ہیں، جن کے ذکر کو اللہ تعالیٰ نے اذان، نماز اور کلمہ میں اپنے ذکر کے ساتھ بلند فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اسی میں ہے کہ ہم رسول کریمﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، کیونکہ اللہ کی اطاعت دراصل رسول ﷺکی اطاعت ہی میں مضمر ہے تقریب کے اختتام پر دعائیہ کلمات کی سعادت عالمہ استاذ شازیب شاہد کو نصیب ہوئی، نظامت کی ذمہ داری جویریہ حنیف نے ادا کیں جبکہ طالبات نے اپنی مدد آپ کے تحت شرکاء کے لیے شاندار عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔

متعلقہ عنوان :