محکمہ زراعت وماحولیات کی ٹیمیں سموگ ایکشن پلان پر من و عن عمل یقینی بنائیں، عاشق حسین کرمانی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت سموگ کنٹرول بارے ایگریکلچر ہائوس لاہورمیں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو ، محکمہ تحفظ ماحول و موسمیاتی تبدیلی اور محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سموگ کے خاتمہ کے لیے مرتب کردہ پلان پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پروزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ محکمہ زراعت اور محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں سموگ ایکشن پلان پر من و عن عمل یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں محکمے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنائیں اور سموگ کے خاتمہ مہم کی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت آگاہی مہم کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دونوں محکمے مشترکہ تعاون سے سموگ کنٹرول روم قائم کریں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے تحت 4 ہزار سے زائد سپر سیڈرز کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ دھان کے باقیات کو لگائی جانے والی آگ کی مانیٹرنگ سیٹلائٹ کے ذریعے کی جا رہی ہے، مزید برآں موٹرویز کے اطراف 538 دیہاتوں میں قریبا ًایک ہزار سپر سیڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز سپر سیڈرز کے ذریعے گندم کاشت کرنے کے بارے بھرپور مہم چلائیں اور کاشتکاروں کو سپر سیڈرز کے استعمال بارے رہنمائی فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :