کوہاٹ پولیس کی بروقت کارروائی، لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی طلائی اشیاء چوری کرنے والے ملزمان گرفتار

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) کوہاٹ پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گھر میں ہونے والی بڑی چوری کا معمہ حل کر لیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ جنگل خیل پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی طریقہ کار بروئے کار لاتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی طلائی اشیاء چوری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ جنگل خیل کو مدعی گلزار کی جانب سے رپورٹ موصول ہوئی کہ نامعلوم ملزمان اس کے گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے نقدی اور طلائی اشیاء چرا کر فرار ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ، ڈاکٹر زاہد اللہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ اموال کی برآمدگی کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او جنگل خیل، مسعود خان کی نگرانی میں تشکیل دی گئی تفتیشی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے تفتیش کی اور ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔

گرفتار شدہ ملزمان کمین گل اور سمین سکنہ افغان مہاجر کیمپ جنگل خیل کے قبضے سے مسروقہ نقدی اور قیمتی طلائی اشیاء برآمد کرلی گئیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ممکنہ جرائم اور ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔