روس سے اتحادی تعلقات مزید فروغ پائیں گے ، شمالی کوریا

منگل 7 اکتوبر 2025 08:50

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان "ازلی دوستی اور اتحادی تعلقات" کے تسلسل پر زور دیا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی "کے سی این اے" کے مطابق، کم جونگ اُن نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد پر مبنی تعلقات، جو اس وقت اپنے عروج پر ہیں، مستقبل میں بھی ہمارے باہمی دوستانہ اور رفیقانہ تعلقات کی بدولت مضبوطی سے قائم رہیں گے اور دو طرفہ ترقی کے ساتھ ساتھ ایک منصفانہ اور کثیر قطبی عالمی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کم جونگ اُن نے مزید کہا کہ شمالی کوریا روسی عوام کی "قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کی منصفانہ جدوجہد" کی مکمل حمایت کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان بین الریاستی معاہدے پر عملدرآمد کو "برادرانہ فریضہ" سمجھتے ہوئے آئندہ بھی وفاداری سے نبھائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیونگ یانگ اور ماسکو ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے رہیں گے، اور ہماری دوستی لازوال رہے گی۔واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 7 اکتوبر کو اپنی 73ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق، اس موقع پر صدر پیوٹن کو کئی عالمی رہنماؤں کی جانب سے ٹیلیفون کالز موصول ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :