محکمہ زراعت کےزیرِاہتمام گندم کی کاشت کےفروغ کےلیےنمبرداروں اورلیزہولڈرزکےلیےآگاہی سیمینار کا انعقاد

منگل 7 اکتوبر 2025 16:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام گندم کی کاشت کے فروغ کے لیے نمبرداروں اور سرکاری زمینوں کے لیز ہولڈرز کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا شیریں گل نے کی جبکہ ڈائریکٹر زراعت سرگودھا شاہد حسین مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور ایگری مال کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرشرکاء کو گندم کی جدید کاشتکاری کے طریقوں، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے اقدامات اور موسمی حالات کے مطابق بیج کے انتخاب سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل نے کہا کہ گندم ہماری غذائی و معاشی خودکفالت کی علامت ہے،اس لیےہر کسان کو زیادہ پیداوار کے لیے جدید زرعی طریقے اپنانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے زراعت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور کسانوں کی تربیت کی اہمیت پرزور دیا۔

ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو رہنمائی، معیاری بیج، اور سبسڈی کی فراہمی کے ذریعے گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کسانوں کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اس موقع پرایگری مال کی ٹیم نے کسانوں کو جدید مشینری ، کھاد کے موثر استعمال، اور ڈیجیٹل سہولتوں سے متعلق عملی معلومات فراہم کیں۔