ڈپٹی کمشنرلکی مروت کا ریسکیو 1122 سٹیشن کا دورہ، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لکی مروت حمید اللّٰہ خان نے ریسکیو 1122 سٹیشن کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات، ریسکیو گاڑیوں، جدید آلات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ ترجمان ریسکیو 1122لکی مروت کےمطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بلال آفریدی نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی کارکردگی، آپریشنز اور ایمرجنسی رسپانس پلان بارے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے اہلکاروں کی حاضری، ڈیوٹی کے نظام اور ایمرجنسی رسپانس کو تسلی بخش قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیم عوامی خدمت، ایمرجنسی مینجمنٹ اور بروقت کارروائی کےحوالے سے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ریسکیو 1122 کا جذبہِ خدمت لائقِ تحسین ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ ریسکیو 1122 لکی مروت ہر قسم کی ایمرجنسی صورتحال میں چوبیس گھنٹے فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ اہلکار جدید تربیت یافتہ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر رسپانس فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔