جامعہ کراچی میں دو تنظیموں کے درمیان تصادم اور موٹرسائیکل نذر آتش کرنے پر 5 طلبا کو شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 12:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے تصادم اور موٹر سائیکل کو آگ لگانے کے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث طلبہ کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کردی گئی، جس کے تحت 5 طلبا کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے چند روز قبل ہونے والے تصادم اور آرٹس لابی کے باہر موٹرسائیکل نذر آتش کرنے کے معاملے پر کارروائی کا آغاز کردیا۔

انتظامیہ کی جانب سے انضباطی کارروائی کے تحت مختلف شعبہ جات کے کم از کم 5 طلبہ کو اظہار وجوہ (شوکاز)نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے ایک ہفتے کے دوران جواب طلب کیا گیا ہے۔طلبہ کو نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ اسٹوڈینٹ ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تھا جہاں جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر کی جانب سے مختلف شواہد کی بنیاد پر متعلقہ طلبہ کے نام پیش کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی کی قائم مقام مشیر امور طلبہ ڈاکٹر ثروت نے اس ضمن میں رابطہ کرنے پر بتایا کہ "پہلے مرحلے میں ان طلبہ کو شوکاز بھجوائے گئے ہیں اور ان کے جواب آنے پر کارروائی مزید آگے بڑھے گی طلبہ کی شناخت کے طریقہ کار کے حوالے سے کیے گئے سوال پر انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی ایڈوائزر ہی بہتر بتاسکتے ہیں "۔ادھر اسٹوڈنٹ ایڈوائزر آفس کے ذرائع کے مطابق جن طلبہ کو موٹر سائیکل جلانے سمیت دیگر الزام میں شوکاز نوٹسز دیئے گئے ہیں ان میں شعبہ سیاسیات، کیمیا، قانون اور شعبہ جرمیات کے طلبہ شامل ہیں جبکہ کچھ ایسے بھی طلبہ ہیں جن کے شعبوں کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی ایڈوائزر سلمان زبیر کے مطابق موٹر سائیکل جلانے کے واقعہ میں ملوث طلبہ کی شناخت کیمروں اور وہاں موجود افراد کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر کی گئی ہے تاہم جو لوگ اس میں ملوث تھے ان میں سے اکثر منہ پر کپڑا باندھے ہوئے تھے لہذا شناخت کا عمل کافی پیچیدہ ہے۔

متعلقہ عنوان :