سندھ ہائیکورٹ ، کامیاب امیدواروں کی جوابی کاپیاں پبلک نہ کرنے کیخلاف درخواست پرسندھ انفارمیشن کمیشن اور سندھ پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) سندھ ہائیکورٹ نے ایس پی ایس سی کے امتحانات میں کامیاب امیدواروں کی جوابی کاپیاں پبلک نہ کرنے کیخلاف درخواست پرسندھ انفارمیشن کمیشن اور سندھ پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 5 نومبر تک جواب طلب کرلیا،جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں ایس پی ایس سی کے امتحانات میں کامیاب امیدواروں کی جوابی کاپیاں پبلک نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے کہا کہ ایس پی ایس سی کامیاب امیدواروں کی جوابی کاپیاں پبلک کرنے کی پابند ہے۔ سندھ پبلک سروس کمیشن مختلف آسامیوں کے لیے امتحان لیتا ہے۔ پاس امیدواروں کی فہرست کمیشن کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔ ان پاس امیدواروں کی جوابی کاپیاں پبلک کی جائیں۔ پتا چلے کہ امیدوار نے کتنے سوالات کے درست جواب دیئے ہیں۔ عدالت نے سندھ انفارمیشن کمیشن اور سندھ پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 5 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔