کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے، اختیارات سے تجاوز پر محکمانہ کارروائی ہو گی‘بلال صدیق کمیانہ

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت سٹی اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے، اختیارات سے تجاوز پر محکمانہ کارروائی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کیپٹل سٹی ہیڈ کوارٹرز میں سٹی اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران سوشل کرائمز کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات اٹھائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ نقب زنی، رابری،موٹر سائیکل چوری اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے مثر حکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور کائٹ فلائنگ پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مطلوب اور اشتہاری ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انوسٹی گیشن ونگ زیر ِ تفتیش مقدمات کے چالان بروقت عدالت میں جمع کروائے اورمقدمات کی پینڈنسی کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران شہریوں کوانصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ پولیس افسران درخواست گزاروں کواپنے دفاترمیں بے جا انتظار نہ کروائیں اور سرکاری مصروفیات کی صورت میں بروقت مطلع کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید،سٹی اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن نے شرکت کی۔