محکمہ انسانی حقوق سندھ وطن واپس آنے والے مزدوروں کی بحالی کے پروگرام پر عمل پیرا ہے، آغا فخر حسین

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) محکمہ انسانی حقوق، حکومتِ سندھ نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس کراچی میں انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس واپس آنے والے پاکستانی مزدوروں کی بحالی کے لیے قومی پالیسی کی تیاری کے جاری عمل کا حصہ تھا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر(ہیومن رائٹس)آغا فخر حسین، قومی ماہر اویس انور، کنسلٹنٹ ٹریٹی امپلیمینٹیشن سیل سندھ کرن زبیر، اور آئی سی ایم پی ڈی کی پراجیکٹ آفیسر مہرین نوشاد نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی اور ضلعی سطح پر حقوق پر مبنی بحالی کے نظام کو مضبوط بنانے اور وطن واپس آنے والے مزدوروں کے لیے ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

آغا فخر حسین نے وفد کو محکمہ کے آئندہ اقدامات سے آگاہ کیا، جن واپس آنے والے معاشی طور پر کمزور افراد کے لیے قانونی معاونت اور شکایات کے ازالے کے نظام کا قیام، بحالی سے متعلق زمرہ جات کے ساتھ آئی ٹی پر مبنی انسانی حقوق شکایت نظام کی تیاری، محکمہ صحت، محنت، اور سماجی بہبود کے ساتھ نفسیاتی و سماجی معاونت کے لیے رابطہ کاری، ضلعی سطح پر آگاہی اور واپس آنے والوں کے انضمام کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے فریم ورک کی منصوبہ بندی شامل ہیں۔

آئی سی ایم پی ڈی کی ٹیم نے سندھ ہیومن رائٹس ڈیپارٹمنٹ کے فعال کردار کو سراہا، جس نے تارکین وطن اور بحالی کے معاملات کو آئینی ضمانتوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے عہد و پیمانوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔ اویس انور نے قومی بحالی فریم ورک کی تیاری کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کلیدی معلوماتی انٹرویوز بھی کیے۔دونوں فریقین نے تکنیکی معاونت، ڈیٹا کے تبادلے، اور پالیسی کی تیاری کے لیے قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔محکمہ انسانی حقوق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحالی کا عمل صرف معاشی نہیں بلکہ جامع، پائیدار، اور حقوق پر مبنی ہوگا جو حکومتِ سندھ کے انسان مرکوز ترقی کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

متعلقہ عنوان :