محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو بھنڈی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

پیر 13 اکتوبر 2025 13:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈ اینڈ پلانٹ پروٹیکشن سمبڑیال صباتحسین نے کاشتکاروں کو بھنڈی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاہے کہ کاشتکار اور گھریلو پیمانے پر بھنڈی کی پچھیتی فصل کاشت کرنے والوں کوبھنڈی کی فصل کو موسم کی تبدیلی کے ابتدائی ایام کے باعث کپاس کی دھبے دار سنڈی سے بچانے کیلئے بروقت تدارک کی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی دھبے دار سنڈی بھنڈی کی فصل پر پھل لگتے ہی اس میں سوراخ کرکے اندر داخل ہو جاتی ہے جس سے پھل خراب اور بیکار ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ سنڈی کے تدارک کیلئے متاثرہ پھل کو توڑ کرزمین میں دبا دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چست تیلا بھنڈی کے پتوں سے رس چوس کر اسے بھی متاثرکرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سنڈی کے تدارک کیلئے میلاتھیان کا450گرام فی ایکڑ اور چست تیلے کے انسداد کیلئے ڈائی میکران کا 230 گرام یا میلاتھیان کا 450 گرام فی ایکڑ سپرے کرکے ان ضرررساں کیڑوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ اگر فصل کا پھل تیاری کے قریب ہو اور اسے برداشت کرنامقصود ہو تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے ایسے زہر کا سپرے کریں جس کا اثر جلد زائل ہو جائے۔

متعلقہ عنوان :