کینولا اقسام کی بہتر پیداوار کےلئے آبپاش علاقوں میں 3 سے5 مرتبہ آبپاشی ضروری ہے، زراعت آفیسر سمبڑیال

پیر 13 اکتوبر 2025 16:16

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) زراعت آفیسر محکمہ زراعت سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے کہا ہے کہ کینولا اقسام کی بہتر پیداوار کےلئے آبپاش علاقوں میں 3 سے5 مرتبہ آبپاشی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کینولا کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لئے کاشتکار پہلا پانی اُگاؤ کے 30دن بعد، دوسرا پانی پھول نکلنے کے وقت اور تیسرا پانی پھلیاں بننے کے قریب ہلکی مقدار میں دیں اور شدید کورے کی صورت میں بھی ہلکی آب پاشی کریں، اسی طرح رایا انمول کی صورت میں پہلا پانی ہر صورت میں کاشت کے 15سے20دن کے اندر لگائیں ورنہ بعد میں اُگنے والے پودے بیک وقت نہیں پک سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ توریا کو پہلا پانی 20سے25دن بعد لگائیں تاہم ڈی جی ایل کےلئے 3سے4پانی کافی ہوتے ہیں جن میں سے پہلا پانی اُگاؤ کے 35دن بعد،دوسراپانی پھول آنے پراورتیسرا پانی پھلیاں بننے پردینا ضروری ہے۔انہوں نےکہاکہ کاشتکار فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کےلئے بیج کو سرائیت پذیر پھپھوندی کش زہر بھی لگائیں۔

متعلقہ عنوان :