تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی سمیت 21 رہنماؤں کے خلاف تھانہ روات میں مقدمہ درج

منگل 14 اکتوبر 2025 15:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد حسین رضوی سمیت 21 رہنماؤں اور 35 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ روات میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور عوام کو اکسانے سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان نے پابندی کے باوجود شاہراہ عام بلاک کر کے پولیس پر سیدھی فائرنگ اور مزاحمت کی، جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹ کے مطابق قاری ابرار نے فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا جبکہ قاری دانش اور دیگر نے ایک اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا کر آنسو گیس کے شیل چھین لیے۔پولیس نے موقع سے کیلوں والے ڈنڈے، پیٹرول بم، ٹی ایل پی کے جھنڈے اور گولیوں کے خول برآمد کر لیے۔ مقدمہ سب انسپکٹر نجیب اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔