محکمہ زراعت (توسیع)تحصیل گوجرانوالہ کے زیر اہتمام قلعہ دیدار سنگھ میں زیادہ گندم ا گاؤ مہم کے سلسلہ میں پروگرام

منگل 14 اکتوبر 2025 22:23

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت (توسیع)تحصیل گوجرانوالہ کے زیر اہتمام قلعہ دیدار سنگھ میں زیادہ گندم ا گاؤ مہم اور سموگ پر کنٹرول کے سلسلہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ پروگرام میں حصہ لینے والے کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ رقبہ پر کشت کرنے کی ترغیب دی گئی اور فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے جدیدکاشتکاری کے مختلف طریقوں کے بارے میں تربیت دی تاکہ ان کی فی ایکڑ خالص آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔

اسی طرح کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات بالخصوص چاول کی فصل کے بھوسے کو جلانے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سموگ کے مضر اثرات اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

پرنسپل ایگریکلچر آفیسر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)گوجرانوالہ محمد اعظم مغل نے اس موقع پر کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار بھائی حکومت کی طرف سے جاری سکیموں سے بھرپور استفادہ اٹھائیں اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرکے ملک کو زراعت میں خود کفیل بنانے میں مدد کریں۔ اس موقع پر حافظ عنایت اللہ زراعت آفیسر(توسیع)قلعہ دیدار سنگھ نے بھی خطاب کیا اور کاشتکار حضرات کو بڑھتی ہوئی سموگ کے خطرات بارے بھی آگاہی دی۔\378