شام کے عبوری صدراحمد الشراع 15 اکتوبر کو روس کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

بدھ 15 اکتوبر 2025 09:20

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) شام کے عبوری صدر احمد الشراع 15 اکتوبر کو روس کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ عرب روزنامہ الوطن کی رپورٹ کے مطابق، یہ دورہ شام کی نئی قیادت کی جانب سے روس کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے اور مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 31 جولائی کو شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے ماسکو کا دورہ کیا تھا، جس میں وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ، جنرل انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ حسین السلامہ، صدارتی سیکرٹری جنرل ماہر الشراع، اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

اس دورے کے دوران وفد نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، وزیر دفاع آندرے بیلوسوف سے ملاقات کی، اور کریملن میں صدر ولادیمیر پوتن نے انہیں باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا۔ شام کی وزارت خارجہ کے مطابق، ان ملاقاتوں سے شام اور روس کے تعلقات کی بحالی، علاقائی توازن کے قیام، اور شامی ریاست کی صلاحیتوں میں اضافے کی بنیاد رکھی گئی۔ حالیہ دنوں روسی وزیر خارجہ نے عرب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام روسی فوجی اڈوں کو برقرار رکھنا چاہتا ہے، تاہم بدلتی ہوئی زمینی حقیقتوں کے پیش نظر ان کے کردار میں تبدیلی ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :