میپکو نے جنوبی پنجاب کے 85 فیصد سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بحال کردی

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے جنوبی پنجاب کے فلیش فلڈ سے متاثرہ 85 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی ہےجبکہ باقی 15 فیصد علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حالیہ سیلاب کے باعث دو لاکھ اکہتر ہزار تین سو چونسٹھ (2,71,364) صارفین متاثر ہوئےاور 181 فیڈرز بند ہو گئے تھے جن میں سے 94 مکمل طور پر اور 84 جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں۔

میپکو ترجمان کے مطابق جلالپور پیروالہ تحصیل کے تین فیڈرز تاحال بحال نہیں کیے جا سکے کیونکہ ان علاقوں میں پانی کی سطح ابھی تک کم نہیں ہوئی تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کسی بھی گرڈ سٹیشن کو نقصان نہیں پہنچا اور صرف 11 کے وی فیڈرز متاثر ہوئے۔میپکو حکام نے بتایا کہ انفراسٹرکچر کے نقصانات کے تخمینے کے لیے ہر سرکل کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں جا کر بجلی کے کھمبوں، ہائی ٹینشن لائنز، کنڈکٹرز اور دیگر سامان کے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں، پانی کی سطح برقرار رہنے کے باعث نقصانات کے حتمی اعداد و شمار مرتب کرنے میں وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ درست اور جامع ڈیٹا اکٹھا کریں تاکہ نقصان کے تخمینے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میپکو کی اولین ترجیح ہے اور بحالی کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ تمام متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بجلی بحال کی جا سکے۔XL/395