سیلاب سے کسان شدید متاثر، ملک بھر میں ایک لاکھ ایکڑ زمین دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ

پروگرام کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ، آئندہ مرحلوں میں دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا، سماجی تنظیم

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سماجی تنظیم رزق نے پورے ملک میں سیلاب متاثرہ ایک لاکھ ایکڑ زمین دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا۔ سماجی تنظیم رزق کے بورڈ کے چیئرمین میاں فاروق احمد نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 20 ہزار چھوٹے کسانوں کو بنا سود کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، یہ قرضے زرعی اجزا، فصلوں کی تیاری اور تربیت کی صورت میں دیے جائیں گے تاکہ گندم کے موسم سے پہلے کسان دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کا پہلا مرحلہ ضلع خانیوال سے شروع ہو چکا ہے، جسے آئندہ مرحلوں میں مظفرگڑھ، ملتان اور بہاولپور سمیت دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس سال کے دریائی سیلاب نے چاول، مکئی، گنے اور سبزیوں سمیت متعدد فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے، جس کا اثر غذائی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کی شکل میں عام شہریوں تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 15اکتوبر سے خانیوال میں پروگرام کے نئے مرحلے کا آغاز کیا گیا، جہاں 100 سے زائد مقامی کسانوں کو شامل کیا گیا اور زمین کی ہمواری کا کام ٹریکٹروں کے ذریعے شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ سیڈنگ گڈ مہم کے پہلے مرحلے میں 10 ہزار ایکڑ زمین کی بحالی کا ہدف رکھا گیا ہے۔میاں فاروق احمد نے کہا کہ یہ اقدام صرف سیلاب کا جواب نہیں بلکہ ان لوگوں کو سہارا دینے کی کوشش ہے جو دہائیوں سے خاموشی سے اس ملک کی معیشت کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رزق کا مقصد کسانوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنی زمین اور اپنی محنت پر فخر کے ساتھ کھڑے ہو سکیں۔