ساہیوال ،ای بزنس پورٹل پنجاب کی ای گورننس اور ریگولیٹری نظام کی جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے، کمشنر

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:07

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) حکومت پنجاب نےایک اور عوام دوست اقدام کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے 13 اکتوبر سے ای بزنس پورٹل لانچ کر دیا جس کا مقصد صوبے بھر میں کاروباری حضرات اور عوام کے لئے این او سی اور دیگر اجازت نامے حاصل کرنے کے عمل کو آسان اور موثربنانا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ای بزنس بارے اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت سے متعلقہ تمام سروسز پورٹل پر دستیاب ہونگی جس سے عوام کو مختلف سروسز کے حصول میں بڑی آسانی ہوگی۔ابتدائی مرحلہ میں ای بزنس پورٹل پر 30 سروسز مہیا ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کاروبار کی آسانی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورٹل سے عوام کو دفاتر کے بے جا چکروں سے بھی نجات ملے گی اور کاروباری افراد اب 30سے زائد کاروباری اقسام کے لئے مکمل طور پر آن لائن درخواست، ٹریکنگ اور منظوری حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای بزنس پورٹل پنجاب کی ای گورننس اور ریگولیٹری نظام کی جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے برانچز کو ہدایت کی کہ کنورژن فیس، نقشہ منظوری، پیٹرول پمپ منظوری، ہاؤزنگ سوسائٹی اور نقشہ مکان کے نئےکیسز ای پورٹل پر اپلوڈ کریں۔