ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کا لاہور-نارووال-سیالکوٹ سیکشن کا تفصیلی معائنہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے لاہور تا نارووال ونڈو ٹریلنگ جبکہ نارووال تا سیالکوٹ سیکشن کی موٹر ٹرالی انسپیکشن کی۔اس دوران ڈی ایس ریلوے کے ہمراہ ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ اس موقع پر ٹرین آپریشن سیفٹی کے پیشِ نظر ٹریک کی فٹنس، الائنمنٹ، گیج، پیکنگ، ٹریک لیول اور نٹ بولٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

انہوں نے لیول کراسنگ گیٹس، وے اینڈ ورکس اور ٹرین آپریشن کا بھی تفصیل سے معائنہ کیا۔ گیٹ ٹوٹنے کی صورت میں گیٹ ہنگامی طور پر محفوظ بنانے اور حادثاتی صورتحال میں ٹریک پر پٹاخے لگانے کی مشقیں بھی کی گئیں۔ڈی ایس ریلوے نے سیکشن پر یوٹیلٹی اخراجات، آمدن و دیگر اخراجات کے ریکارڈ کا جائزہ لیا اورسٹاف سے ٹرین آپریشن سیفٹی سے متعلق سوالات کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گنجان آبادی والے علاقوں میں ٹریک کے دونوں اطراف حفاظتی انتظامات مزید بہتر بنانے اور انکروچمنٹ کے خاتمے سے متعلق افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ ڈی ایس ریلوے نے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر آپریشنل ریکارڈ، عمارتوں کی حالت، کمیونیکیشن سسٹم، انتظار گاہوں، اسٹیشنوں سمیت واش رومز کی صفائی اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔

انسپیکشن کے دوران گینگ نمبر 9کی کارکردگی اور برج نمبر 65(نالہ ڈیگ)کا خصوصی جائزہ لیا گیا،کمرشل آمدن میں اضافے کیلئے انہوں نے ہدایت کی کہ نارووال اسٹیشن شاپس کو کلیئر راستہ فراہم کیا جائے۔ انسپیکشن کے دوران نارنگ اسٹیشن کے ڈیلی پسنجر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے فیض احمد فیض پسنجر کے اوقات میں تبدیلی کی درخواست کی جبکہ ڈومالہ اور داود اسٹیشنوں کے شہریوں نے سیالکوٹ ایکسپریس کے سٹاپ کے مطالبات کیے۔

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے قلعہ سوبھا سنگھ ریلوے اسٹیشن پر پودا لگایا اور دعائے خیر کی۔ انہوں نے اچھی کارکردگی دکھانے والے کمرشل، ٹریفک، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے اسٹاف کو نقد انعامات سے نوازا جبکہ ناقص کارکردگی پر متعلقہ اسٹاف کی سرزنش کی گئی۔ اس موقع پرڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے کہنا تھا کہ انسپیکشن کا بنیادی مقصد ٹرین آپریشن سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ اس دوران ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر مرضیہ زہرہ، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر محمد انجم، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل سگنل و ٹیلی کام انجینئر محمد ندیم خٹک، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد زوہیب بھٹی، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز محمد سعید افضل اور محمد عالم سمیت دیگر افسران بھی ڈی ایس ریلوے کے ہمراہ تھے۔