اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں کامیابی پرانڈیپنڈنٹ گروپ اورنو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے انڈیپنڈنٹ گروپ اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا گروپ کے سربراہ احسن بھون، نو منتخب صدر ہارون الرشید، سیکرٹری زاہد اسلم اعوان اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان، عدلیہ اور وکلاء برادری، آئینی و جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کے معاون و شریکِ کار ہیں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان وکلاء برادری کے ساتھ مل کر قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر اور اُن کی ٹیم ملک میں قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کے تحفظ، اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں کو بروئے کار لائیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انکی کامیابیوں کیلئے دعا کی۔