تازہ و غذائیت سے بھر پور اور مضر اثرات سے پاک سبزیوں کے حصول کیلئے کچن گارڈننگ پروگرام سے استفادہ یقینی بنایاجائے،عدیل احمد

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) تازہ و غذائیت سے بھر پور اور ہر قسم کے مضر اثرات سے پاک معیاری سبزیوں کے حصول کیلئے کچن گارڈننگ پروگرام سے استفادہ یقینی بنایاجائے تاکہ رقم کی بچت کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کو مختلف بیماریوں سے بچانا بھی ممکن ہو سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے بتایاکہ سبزیوں کااستعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی ضروری ہے اور انسانی خوراک میں سبزیوں کااستعمال 300سے 350گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے لیکن ہمارے ہاں یہ مقدار 100سے 150گرام فی کس روزانہ ہے جو کہ سفارش کردہ مقدار کے نصف سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے ہمارے ہاں بیماریوں اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کچن گارڈننگ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس صحتمند مشغلہ کے نتیجہ میں غذائیت سے بھرپور تازہ سبزیاں ہر گھر میں میسر آ سکتی ہیں جو نہ صرف زرعی زہروں کے مضر اثرات سے پاک ہوں گی بلکہ کچن کے ماہانہ اخراجات میں کمی کا باعث بنیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیجوں کے ذریعے کاشت کی جانیوالی موسم سرما کی سبزیوں کی چھدرائی کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکار آلو، مٹر، ٹماٹر، پیاز، مولی، شلجم، گاجر، گوبھی، لہسن، سلاد، پالک، میتھی، پودینہ، دھنیاکی فصل کی اگاؤ کے بعد مناسب چھدرائی کا عمل شروع کردیں تاکہ پودوں کو مناسب جگہ، روشنی، خوراک مل سکے اور جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی سے اچھی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ لہسن کی ہموار زمین میں جبکہ مولی، گاجر، شلجم کی وٹوں، میتھی، دھنیا، پالک، سلاد، ساگ کی ہموار زمین و وٹوں دونوں پر کاشت بہترین پیداوار کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ گاجر، مولی، شلجم، مٹر وغیرہ کی کاشت کے دوران اکثر اوقات بیج کا اگاؤ کم ہوتاہے لہٰذاکاشتکار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے عام طور پر بیج کی مقدار زیادہ رکھیں۔انہوں نے کہاکہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ انسانی صحت کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے میں بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے لہٰذا عوام الناس اس جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں۔

متعلقہ عنوان :