نیو کراچی صنعتی ایریا، تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے 8 بھتہ خور گرفتار

پولیس نے بھتہ خوروں سے مجموعی طور پر 12 موبائل فونز برآمد کیے ہیں، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران تاجر سے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کے الزام میں 8 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ تاجر محمد عرفان پرنٹنگ پریس کے مالک ہیں اور ان کی شکایت پر بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے درج کیا تھا جبکہ بھتہ خوروں نے تاجر کو فون کال کے ذریعے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر مدعی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھتہ طلب کرنے میں ملوث 8 ملزمان سلمان طاہر حسین ، عاقب جاوید ، عبدالرحمان جاوید، توصیف عقیل، فہد اکبر ، مزمل اکرم، عدنان جمیل اور عامر جمیل کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس نے بھتہ خوروں سے مجموعی طور پر 12 موبائل فونز برآمد کیے ہیں، جس میں 9 موبائل فونز ٹچ اسکرین جبکہ 3 کی پیڈ موبائل فون اور 3 پرس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ پولیس گرفتار بھتہ خوروں کا کریمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔